وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ترکی میں ملائشیا کے وزیر خارجہ حشام الدین حسین کیساتھ ملاقات, دو طرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ترکی میں ملائشیا کے وزیر خارجہ حشام الدین حسین کیساتھ ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبوں میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، ملائشیا کے ساتھ اقتصادی، تجارتی ،دفاعی، تعلیمی اورٹیکنالوجی کے تبادلے سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا وباکے نتیجے میں سامنے آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ،اقوام متحدہ، او آئی سی، آسیان سمیت عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔وزیر خارجہ نے ملائشین ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کے یکطرفہ اقدام کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا ۔شاہ محمود قریشی نے ملائشین ہم منصب کو اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف، پاکستان کی جانب سے کی گئی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے اسلاموفوبیا کے خلاف، او آئی سی، اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورمز پر مل کر آواز اٹھانے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔