پی ایس ایل 6 : کراچی کنگز کی پلے آف میں رسائی، گلیڈی ایٹرز کو شکست

ابوظبی: پی ایس ایل 6 کے 29ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو14 رنز شکست دے کر پلے آف میں رسائی حاصل کرلی۔ ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کراچی کنگز کی جانب سے دیے جانے والے 177 رنز کے تعاقب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بناسکی۔کپتان سرفراز احمد کی 51 رنز کی اننگز بھی کوئٹہ کو شکست سے نہ بچاسکی، جیک ویدر الڈ 25 اور حسان خان 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔صیم ایوب 19 رنز پر الیاس کا نشانہ بنے، اعظم خان 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عبدالناصر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔کراچی کنگز کے محمد الیاس نے تین اور ارشد اقبال نے دو وکٹیں حاصل کیں۔قبل ازیں کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے اور گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔شرجیل خان نے 34 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی، بابر اعظم 23 رنز بنا کر عبدالناصر کو وکٹ دے بیٹھے۔