کرتارپور راہداری: پاک بھارت مذاکرات کا ایک اور دور آج ہوگا
کرتارپور راہداری معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات زیرو لائن کرتار پور میں بابا ڈیرہ نانک کے مقام پرہوں گے۔ بھارت نے بابا ڈیرہ نانک کو زیروپوائنٹ قرار دے دیا، مذاکرات میں کرتارپور کی سڑکیں، نقشہ اور دیگر معاملات پرغور کیا جائے گا۔ قبل ازیں کرتار پور راہداری کے سلسلے میں پاک بھارت مذاکرات بھارتی سرحدی علاقے اٹاری میں چودہ مارچ کو ہوئے تھے، پاکستانی وفد ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے وفد کی سربراہی کی تھی۔ دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے 13 مارچ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت نے کرتارپور راہداری کے اہم اجلاس پر پاکستانی صحافیوں کے ویزے مسترد کردیے، ویزے مسترد ہونا افسوسناک ہے، امید ہے آئندہ اجلاس دونوں ممالک کے عوام کے لیے بہتر ی لائے گا۔ خیال رہے کہ 7 فروری کو پاکستان نے کرتارپور راہ داری کے سلسلے میں بھارت کو مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے 2 تاریخیں دی تھیں جس پر بھارت نے بھی مثبت جواب دیا تھا۔