لیگی رہنماؤں کو نواز شریف کی ضمانت ہونے کی امید
سپریم کورٹ میں آج سابق وزیراعظم کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت کی سماعت آج ہورہی ہے، جبکہ لیگی رہنماؤں نے عدالت عظمیٰ کی جانب سے نواز شریف کی ضمانت ملنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال نے نواز شریف کی درخواست ضمانت سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اچھے کی امید رکھنی چاہیے، سابق وزیر اعظم نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ضمانت ملنی چاہیے، یہ ان کا حق بھی ہے، امید ہے انصاف ملے گا۔ نون لیگ کے سینیئر رہنما راجہ ظفر الحق نے بھی قائد (ن) لیگ کی ضمانت پر کہا کہ نواز شریف کی صحت کے پیش نظر فوراً ضمانت ملنی چاہیے۔ سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت ایسی ہے کہ انہیں ضمانت ملنی چاہیئے، ہم عدالت سے توقع کرتے ہیں کہ نواز شریف کو ریلیف ملے گا