کرتارپور راہداری پر مذاکرات کا دوسرا مرحلہ آج ہوگا
کرتارپور راہداری کھولنے کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا مرحلہ آج زیرو لائن کرتارپور، ڈیرہ بابانانک کے مقام پر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کرتارپور راہداری کھولنے کے مذاکرات میں دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ راہداری کے نقشے، سڑکیں اور دیگر معاملات پر غور کیا جائے گا۔ ڈیرہ بابا نانک کو بھارت کی جانب سے کرتار پور راہداری کیلئے زیرو پوائنٹ قرار دیا جاچکا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپور راہداری منصوبہ کے مسودے پر ہونے والے مذاکرات کا پہلا دور واہگہ اٹاری پر ہوا تھا جس میں دونوں ممالک نے مذاکرات کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔ مذاکرات کے اختتام پر پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ کے اجراء کو بڑی کامیابی قرار دیا تھا