گرفتاری سے قبل حفاظتی ضمانت کی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر
میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر اور فریال تالپور نے گرفتاری سے قبل حفاظتی ضمانت کی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کردی ہے جبکہ آصف زرداری نے نیب کے کال اپ نوٹس کو بھی سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے سابق صدر کو بیس مارچ کو اسلام آباد طلب کر رکھا ہے،آصف زرداری ملک کے سابق صدر اور پی پی پارلیامنٹرین کے صدر ہیں لہذا نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آصف زرداری کو ہمیشہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے اور اسی انتقام کے تحت وہ گیارہ برس جیل کاٹ چکے ہیں،جن الزامات کے تحت انہوں نے جیل کاٹی وہ جھوٹے ثابت ہوئے ہیں، درخواست پر سماعت کچھ دیر بعد ہوگی۔ دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے نیب کے کال اپ نوٹس کو بھی عدالت میں چیلنج کردیا ہے، سندھ ہائی کورٹ میں دائر دوسری درخواست میں سابق صدر آصف زرداری نے موقف اپنایا کہ دو نجی کمپنیوں کے لین دین کے معاملے پر نیب مداخلت نہیں کرسکتا