چین نے پاکستان کی خودمختاری ، علاقائی ، سالمیت کیلئے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا یقین دلایا

چین نے پاکستان کی خودمختاری ، علاقائی سا لمیت اور سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا یقین دلایا ہے ۔
یہ یقین دہانی چین کے نائب صدر وانگ QISHAN نے شاہ محمود قریشی سے گفتگو میں کرائی جنہوں نے آج بیجنگ میں ان سے ملاقات کی ۔
پاکستان اور چین کے درمیان آزمودہ اور تعاون پرمبنی سدا بہار شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر نے گزشتہ سال نومبر میں وزیراعظم کے دورے کے بعد دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کااظہار کیا ۔
وزیرخارجہ نے پاکستان کیلئے چین کی مسلسل حمایت پرنائب صدر کا شکریہ ادا کیا انہوں نے نائب صدر کو خطے میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کے بارے میں بتایا اورکشیدگی کم کرنے میں چین کے اہم کردارکا بھی شکریہ اداکیا ۔
وزیر خارجہ نے نائب صدر کو چین پاکستان اقتصادی راہادری کے تعمیراتی کام میں پیشرفت کے بارے میں بتایا ۔
فریقین نے اتفاق کیا کہ سی پیک پر موثر انداز میں عملدرآمد سے پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی میں مدد ملے گی ۔
وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی نیک خواہشات بھی نائب صدر وانگ QISHAN تک پہنچائیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان ایک خطہ ایک شاہراہ کے دوسرے فورم میں شرکت کیلئے اگلے مہینے چین کا دورہ کریںگے ۔
دریں اثنا کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر SONG TAO سے آج بیجنگ میں باتیں کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پرزوردیا ۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پارٹی سطح کے تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے یکساں خیالات رکھتی ہیں۔
فریقین نے پارٹی سطح پر تبادلوں میں اضافے پر اتفاق کیا ۔