حکومت قبائلی اضلاع کو صوبے کے ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لانے کے لئے پرعزم ہے،محمود خان
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت قبائلی اضلاع کو صوبے کے ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لانے کے لئے پرعزم ہے۔
پشاور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کے احساس محرومی کے خاتمے کیلئے نئے قبائلی اضلاع کی بحالی اور تعمیر نو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو قبائلی نوجوانوں کیلئے خود روزگار سکیم کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی جس کیلئے ایک ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔
محمود خان نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی مساجد، سکولوں اور ترقیاتی منصوبوں کو شمسی توانائی سے منسلک کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے۔
اجلاس میں قبائلی علاقے میں انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے اراضی کے حصول کا فیصلہ کیا گیا ۔
صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں عملے ، طبی آلات اور ادویات کی کمی پر بھی قابو پانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبے بھر میں کھیل کے انیس میدانوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کھیل کے چھ نئے میدان بھی بنائے جائیں گے۔
اجلاس کو علاقے میں ایک ہزار سے زائد مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بتایاگیا جن میں سے دو سو چھیالیس تکمیل کے قریب ہیں۔
صوبائی کابینہ نے ضلع شانگلہ کے علاقے مرتونگ کو تحصیل کا درجہ دینے کی بھی منظوری دی۔