کوروناوائرس پر قابو پانے کےلئے35 ہسپتالوں میں تمام آلات سےآراستہ آئسولیشن وارڈزقائم کردیے گئے ہیں:ڈاکٹرثانیہ
وزیراعظم کی سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ کوروناوائرس پر قابو پانے کےلئے ملک بھرکے پینتیس ہسپتالوں میں تمام آلات سے آراستہ آئسولیشن وارڈز قائم کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے آج ریڈیو پاکستان اسلام آباد کے ایک خصوصی پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوروناوائرس کےخلاف ویکسین ایجاد کرنے کی تحقیق میں پیشرفت ہے تاہم اس وقت اس کے علاج کےلئے بنیادی ادویات استعمال کی جارہی ہیں۔ خصوصی معاون نے کورونا کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے مختلف اوقات میں صفائی ستھرائی اورہاتھوں کو دھونے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وبائی وائرس سے نمٹنے کےلئے پریشان ہونےکی ضرورت نہیں بلکہ ضروری حفاظتی اقدامات کرنا ضرروی ہے۔ ثانیہ نشتر نے کہاکہ صدر ڈاکٹر عارف علوی کے حالیہ دورہ چین کے دوران چین نے کوروناوائرس سے نمٹنے کےلئے تین لاکھ ماسک ،دس ہزارحفاظتی لباس اور مالی معاونت کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں مقیم پاکستانی طلبہ خیریت سے ہیں۔