افطار ڈنر کی آڑ میں مک مکا کیلئے چور دروازہ ڈھونڈا جارہا ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ افطار ڈنر کی آڑ میں مک مکا کیلئے چور دروازہ ڈھونڈا جارہا ہے، ایک دوسرے پر کرپشن کے سنگین الزام لگانے والے آج گٹھ جوڑ کررہے ہیں ، سیاسی بہروپیوں کے اکٹھ نے وزیراعظم کے بیانیے کو سچ ثابت کردیا ہے ، قرضوں کی دلدل میں چھوڑ کر جانے والے کس منہ سے ملکی معاشی مسائل کی بات کرتے ہیں۔
اتوار کو سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ اپوزیشن کی افطار پارٹی کے حوالے سے میڈیا کے اندر بھونچال آیا ہوا ہے ، ایک دوسرے پر کرپشن کے سنگین الزام لگانے والے آج کس لئے گٹھ جوڑ کررہے ہیں، عوامی مفاد کی آڑ میں اپنے مفادات کیلئے مک مکائو اور گٹھ جوڑ سب کے سامنے آرہا ہے ،31 ہزار ارب کے قرضوں میں اس ملک کو ڈبوکر جانے والے آج گٹھ جوڑ کررہے ہیں، ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسانے والوں کے ذمہ داروں کا تعین ہونا اشد ضروری ہے یقییناً 8 ماہ کی حکومت تو ذمہ دار نہیں ہوسکتی ، پاکستان کے عوام ان سیاسی بہروپیوں کے اصل چہرے پہچان جائیں گے ، سیاسی بہروپیوں کے اگٹھ نے وزیراعظم کے بیانے کو سچ ثابت کردیا، قرضوں کی دلدل میں چھوڑ کرجانے والے کس منہ سے معاشی مسائل کی بات کرتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان پاکستان کے استحکام کیلئے پرعزم ہیں اگر پاکستان کے سارے چور ایک لیڈر کیخلاف اکٹھے ہورہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ وہ لیڈر ایماندار ہے۔ اس کے دل میں پاکستان کا درد ہے ۔ پاکستان کے عوام ابو بچا افطاری سے لاتعلقی کا اعلان کریں گے ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے استحکام کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نکالنے کیلئے اصلاحات کررہے ہیں ۔ عمران خان ہی اس قوم کی امید ہے روشن چراغ ہیں اوراس چراغ کو روشن رکھ کر پاکستان سے کرپشن ، بیروزگاری اور مہنگائی کے اندھیروں کوختم کرسکتے ہیں۔ ملک کو انتشار ،عدم استحکام اور افراتفری کیطرف دھکیلنے والے ٹولے کو میڈیا کی طرف سے بھی دوٹوک جواب آنا چاہیے جو لوگ ان حالات کے ذمہ دار میڈیا ان سے اس ٹولے سے قوم کا حساب مانگے ۔ وزیراعظم کو عوام نے 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے ، 5 سال کے بعد ہم عوام کے سامنے جواب دیں گے ۔ وزیراعظم کا دل پاکستان کیلئے دھڑکتا ہے، افطار ڈنر کی آڑ میں مک مکا کیلئے چور دروازہ ڈھونڈا جارہا ہے۔