والٹ ڈزنی کے سابق ڈائریکٹر ٹک ٹاک کے سی ای او مقرر
معروف انٹرٹینمینٹ کمپنی والٹ ڈزنی کےسابق ہیڈ آف اسٹریمنگ کیون اے میئر کوشارٹ ویڈیو شئیرنگ ایپ ٹک ٹاک کا چیف ایگزیکٹو افسرمقرر کردیا گیا ۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے معروف انٹرٹینمینٹ کمپنی والٹ ڈزنی کے سابق کنزیومر ڈائریکٹر 58 سالہ کیون اے میئر کو چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) مقرر کردیا۔ کیون مئیر یکم جون سے اپنا عہدہ سنبھالیں گے ۔ یہ پہلی بار ہے کہ کسی امریکی شخص کو چینی ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے دوسرے سب سے بڑے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ کیون مئیر بائٹ ڈانس کی "عالمی ترقی" کے شعبہ کی ذمہ دار یاں نبھائیں گے جس میں ابھرتے ہوئے کاروبار ، گیمنگ اور موسیقی شامل ہیں۔ مسٹر مئیر نے پریس ریلیز میں کہا ، "بائٹ ڈانس کے سفر کے اگلے مرحلے کی رہنمائی میں مدد کرنے کے لئے میں بہت پرجوش ہوں۔وہ ٹک ٹاک کے پہلے سی ای او ہوں گےکیون اے میئر کئی سال تک والٹ ڈزنی کے کنزیومر انٹرنیشنل ڈویژن کے ڈائریکٹر چیئرمین کی خدمات سر انجام دیتے رہے ہیں اور ان کی سربراہی مین والٹ ڈزنی کمپنی کے کاروبار میں اضافہ بھی دیکھا گیا۔ کیون اے میئر نے نومبر 2019 میں والٹ ڈزنی کے تحت ڈزنی پلس نامی اسٹریمنگ ٹی وی چینل بھی متعارف کرایا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس چینل کو 55 کروڑ سبسکرائبر بن گئے، علاوہ ازیں انہوں نے دیگر کئی منصوبوں کے ذریعے بھی والٹ ڈزنی کی کمائی میں اضافہ کیا۔ ٹک ٹاک ایک ایسی ایپ ہے جہاں صارفین مختصر ویڈیو پوسٹ کرتے ہیں، امریکہ میں آغاز کے بعد ہی اسے کافی تیزی سے پسند کیاگیا تھا ۔ لیکن اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت پر امریکی حکومت سیکیورٹی خدشات ظاہر کر چکی ہے تاہم کیون کے آنے کے بعد امریکی سختیوں میں کمی کا امکان نظر آتا ہے ۔