سعودی سیاح نے موٹرسائیکل پر دنیا گھومنے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

سعودی عرب کے ایک سیاح نے موٹرسائیکل پر دنیا گھومنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انجینیر مشعل السدیری نےدنیا میں موجود اقوام کے حالات، ان کی روایات، تہذیبوں، تاریخ اور ان کے تمدنی حالات کی جان کاری کے لیے طویل سفر کیا۔ مشعل السدیری نے دنیا کے 60 ملکوں کے سفر کےدوران دلچسپ حالات پر مشتمل ایک کتاب بھی تالیف کی ہے جس میں دنیا میں موجود مختلف اقوام کے حالات قلم بند کیے ہیں۔ السدیری نے کہا کہ کرہ ارض ہمہ نوع اور ہمہ رنگ زندگی سے بھرپور ہے۔ بقائے باہمی اور زندگی گذارنے کے لیے عجیب وغریب روایات اور رواج پائے جاتے ہیں۔ لڑائی جگھڑوں سے بچ کر زندگی گذارنے کے اصول بھی موجود ہیں اور تنگ نظری بھی ہرجگہ موجود ہے۔ زندگی میں حقیقی دولت مادیت اور عہدہ ومنصب نہیں بلکہ ثقافت او زمین کی سیاحت سے فائدہ اٹھانا ہے۔ انجینیر السدیری نےاپنی کتاب'میرے سفر کی تصاویر' میں دنیا کی سیر کے دوران اکھٹی کی گئی بہترین تصاویر کو بھی شامل کیا ہے۔ یہ تصاویر انہوںنے ان ملکوں کی سیرو سیاحت کےدوران لی تھیں۔