جماعتوں میں گروپ بنتے رہتے ہیں، جہانگیر ترین کا مسئلہ کوئی بڑا نہیں۔ شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ جہانگیر ترین بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دیں گے ، جماعتوں میں گروپ بنتے رہتے ہیں،سعودی عرب سے ایسے تعلقات ہوگئے ہیں جیسے پہلے کبھی نہیں تھے ۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دو بڑے پراجیکٹ ہیں، ایک نالہ لئی اور دوسرا یہ ہسپتال، یہ دونوں بن گئے تو راولپنڈی مکمل ہو جائے گا، ڈاکٹر فیصل کا مشکور ہوں، وہ ماں بچہ ہسپتال دیکھنے کیلئے آئے، کینسر کا بھی ایک ڈیپارٹمنٹ ہوگا، 16 سال سے جو کام روکا ہوا تھا، وہ 2 سال میں 80 فیصد تک مکمل کیا، 6 ماہ کے اندر کوشش کرینگے کہ ایک او پی ڈی چل جائے، مشینری کو 100 بیڈ کیساتھ چلا دیں، انگریز دور کے بعد یہ ماڈرن ہسپتال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا دورہ بہت کامیاب ہوا، سعودی عرب سے ایسے تعلقات ہوگئے ہیں جیسے پہلے کبھی نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو لال حویلی کے باہر فلسطین کے حوالے سے جلسہ ہوگا ، لال حویلی کے باہر کووڈ کا خیال رکھ کر جلسہ کریں۔انہوں نے کہا کہ جماعتوں میں گروپ بنتے رہتے ہیں، جہانگیر ترین کا مسئلہ کوئی بڑا نہیں، جہانگیر ترین بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دیں گے، پارٹی میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔