کڈنی ہلزریفرنس:سلیم مانڈوی والا ودیگرکی بریت کی درخواست مسترد
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے کڈنی ہلز ریفرنس میں نامزد سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی اور دیگر کی بریت کی درخواست مسترد کر دی ۔بدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔ریفرنس میں سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا ،اعجاز ہارون اور عبد الغنی مجید کی بریت درخواست مسترد کردی اور فرد جرم عائد کرنے کیلئے 24مئی کو طلب کرلیا۔ احتساب عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد کیا جائے گا۔سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی ،اعجاز ہارون اور عبدالغنی مجید کی جانب سے فرد جرم سے قبل بریت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔سلیم مانڈوی والا پر سرکاری پلاٹس عبدالغنی مجید کو بیچنے میں اعجاز ہارون کی سہولت کاری کا الزام ہے۔ نیب نے ندیم مانڈوی والا،اعجاز ہارون، عبدالغنی مجید اور مبینہ بے نامی طارق محمود کو بھی ملزم نامزد کیا ہے۔نیب ریفرنس کے مطابق اعجاز ہارون کو الاٹمنٹس کے بدلے بھاری رقوم جعلی اکائونٹس سے ملی ہیں۔نیب ریفرنس کے مطابق اعجاز ہارون کو الاٹمنٹس کے بدلے بھاری رقوم جعلی اکائونٹس سے ملیں اور اعجاز ہارون نے کڈنی ہلز میں پلاٹس کی بیک ڈیٹ فائلیں تیار کیں۔سلیم مانڈوی والا نے پلاٹس غنی مجید کو فروخت کرنے میں اعجاز ہارون کی معاونت کی اور حصے میں ملی رقم سے سلیم مانڈوی والا نے پہلے ایک بے نامی کے نام پر پلاٹ خریدا۔