پاکستان کی بھارتی حکام کی طرف سے حریت رہنما محمد یاسین ملک کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کرنے کی شدید مذمت

پاکستان نے بھارتی حکام کی طرف سے حریت رہنما محمد یاسین ملک کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی ناظم الامورکو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخاراحمد نے بھارتی ناظم الامورسے تہاڑجیل میں قید حریت رہنما محمد یاسین ملک پرجھوٹے الزامات لگانےکی شدید مذمت کی اوربھارتی ناظم الامورکوایک احتجاجی مراسلہ بھی دیا۔ ترجمان کی جانب سے بھارتی سفارت کار کوبتایا گیا کہ یاسین ملک کی دائمی بیماریوں اورصحت کی اچھی سہولیات سے انکار کے باوجود ان کے ساتھ جوظالمانہ سلوک کیا گیا اس کے نتیجے میں ان کی صحت بہت زیادہ گرگئی ہے۔ عاصم افتخاراحمد نے کشمیری قیادت پرجھوٹے الزامات لگانے کے مذموم بھارتی ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ظلم وجبراوردھمکی کا ماحول کشمیریوں کی پرعزم جدوجہد کو ختم نہیں کر سکتا۔ ترجمان دفترخارجہ نے بھارتی ناظم الامورپرزوردیا گیا کہ وہ کشمیری قیادت کوغیر قانونی طورپریرغمال بنانے اوران کے بنیادی انسانی حقوق سے انکارکرنے کے بجائے مقبوضہ کشمیرمیں اپنی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو فوری طور پر روکے۔