حکومت نے گاڑیوں سے لے کر ٹشو پیپرز تک کی درآمد پر پابندی لگادی
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے تمام امپورٹڈ گاڑیوں کی درآمد پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ساتھ ہی تمام اشیائے تعیش کی درآمد پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری امپورٹ پر مکمل پابندی عائد کی جارہی ہے جس سے مقامی انڈسٹریز اور سرمایہ کاروں کو فائدہ ہوگا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی فیصلے کے تحت موبائل فون، ڈرائی فروٹس، کراکری ، شوز، ڈیکوریشن کا سامان، کارپٹس، فوڈ آئٹمز، ٹشو پیپرز، لگژری میٹرز ، سن گلاسز، جوسرز، فش اور فروزن فوڈز کی درآمد پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اولین ترجیح درآمدات پر انحصار کم کرنا ہے، شہبازشریف کا ایک مقصد ہے کہ عوام کو ریلیف دیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں ملکی ترقی کی شرح 6 فیصد تھی، مسلم لیگ ن کی حکومت گئی تو ڈالر کی قیمت 115 روپے تھی، پی ٹی آئی کی حکومت میں ڈالر 189 روپے تک آگیا تھا۔