سابق رکن قومی اسمبلی جے پرکاش کا بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی جے پرکاش کا کہنا تھا کہ میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں ، 8 مئی تک میرا پارٹی چھوڑنے کا ارادہ نہیں تھا، 9 مئی کی شام کو جب میں نے دیکھا کہ فوجی تنصیبات کا نقصان ہوا ہے، آج میں پاکستان تحریک انصاف کو بغیر کسی دباؤ کے چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، فوج ہے تو پاکستان ہے اور پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ ان کاکہنا تھاکہ پارٹی کا ہر مشکل میں ساتھ دیا، ان 13 مہینوں میں ہم نے پُرامن احتجاج کیے ، ہمیں پُرامن احتجاج کی کال دی گئی تھی بعد میں دیکھا کہ احتجاج فوجی تنصیبات تک چلا گیا، میں نہیں جانتا وہ لوگ کون تھے جنہوں نے یہ کیا، ان کو سزا ہونی چاہیے۔ جے پرکاش نے کہا کہ بڑی پارٹی میں ہر ایک کی اپنی سوچ ہوتی ہے، ان شرپسندوں کو پکڑنا چاہیے جو ملوث ہیں اور اس معاملے کی سب کو مذمت کرنی چاہیے، صدر عارف علوی کی سربراہی میں سندھ میں کام کیا ہے، عارف علوی نے جو باتیں کیں اس پر عمل ہونا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں پی ٹی آئی کے اقلیتی ونگ کا صدر تھا، میں نے پاکستان بھر میں پارٹی کی کمیٹیاں بنائیں، میں ان سب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے آج یہاں تک پہنچایا، میں اقلیتوں اور عام آدمی کے لیے کام کرتا رہوں گا۔ یاد رہے کہ جے پرکاش مخصوص نشست پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔