پاکستان دشمن قوتوں کا ہدف پاکستان کی فوج اور قوم کا اتحاد ہے ، حافظ طاہراشرفی

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی و چیئرمین پاکستان علما کو نسل حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن قوتوں کا ہدف پاکستان کی فوج اور قوم کا اتحاد ہے ، زلمے خلیل زاد پاکستان میں عدم استحکام اور پاک فوج اور قوم کے درمیان تقسیم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ جمعہ کو اپنے بیان میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ زلمے خلیل زاد وہ شخص ہے جس نے اپنی قوم اپنے وطن افغانستان سے غداری کی ، اس کی زبان یا قلم سے کبھی بھی افغانستان میں ہونے والے مظالم پر آواز نہیں اٹھائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ زلمے خلیل زاد کبھی بھی انسانی حقوق یا امن کی جدوجہد کرنے والوں میں شامل نہیں تھا۔ زلمے خلیل زاد نے ہمیشہ وہ اقدامات کرنے کی کوشش کی جس سے نفرت پھیلے اور مسلمانوں کو نقصان ہو ۔انہوں نے کہا کہ آج زلمے خلیل زاد پاکستان اور پاکستان کی فوجی قیادت بالخصوص سپہ سالار جنرل سید حافظ عاصم منیر کے خلاف جس طرح سر گرم ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان اور اسلام دشمن قوتیں پاکستان کی فوج اور پاکستان کے امن و استحکام کے خلاف کتنی گھنائونی سازشیں کر رہی ہیں اس کا مقابلہ کرنا اور ان سازشوں کو ناکام بنانا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے سپہ سالار جنرل حافظ سید عاصم منیر اور فوجی قیادت پر فخر اور ناز کرتی ہے اور 9 مئی کے واقعات پر جس طرح پاکستان کی فوج اور سپہ سالار قوم جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اس پر خراج تحسین پیش کرتی ہے