سندھی ثقافت، ٹوپی اور اجرک کا دن آج منایا جارہا ہے۔

موئن جودڑو جیسی پانچ ہزارسال پرانی تہذیب کی مالک سندھ دھرتی پر گزشتہ تین برسوں سے یوم ثقافت تسلسل سے منایا جا رہا ہے، جس میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سندھی گیتوں کی گونج میں ٹوپی اوراجرک پہن کر سندھ کے لوگ پیار اور محبت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ جشن مناتے ہیں۔ یوم ثقافت کے دن صوبے بھر میں سرکاری اور غیرسرکاری سطح پر میوزیکل پروگراموں کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔ جبکہ کراچی میں جشن منانے کے سلسلے میں چوک، چوراہوں اور مارکیٹوں کو اجرکوں اور پینافلیکس سے سجایا گیا ہے۔ ان بازاروں میں جہاں یہاں کے شہری یوم ثقافت کا دن منانے میں دلچسپی لیتے ہیں وہیں غیرملکی لوگ بھی سندھ اجرک اور ٹوپی پہن کر شاپنگ کرتے دکھائے دیتے ہیں۔ مغربی کلچر کی یلغار میں جہاں اپنی تہذیب کو لوگ بھول چکے ہیں وہاں گوٹھوں، شہروں اور پوش علاقوں کے نوجوان بھی اس دن کو منا کر اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔