ملکی سیاست کنٹرول میں ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ عمران خان لندن بچوں سے ملنے گئے ہیں جس پر شک نہیں کرنا چاہیئے:اسحاق ڈار
لاہور میں پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما جہانگیر بدر کے اہلخانہ سے تعزیت کرنے کے بعد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیربدرکےجانےسےملکی سیاست میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے، جہانگیربدر نے اپنی پارٹی سے وفاداری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا۔ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ملکی سیاست کنٹرول میں ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی جبکہ تمام ادارے اپنے آئینی دائرے میں رہ کر کام کررہے ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر عمران خان لندن بچوں سے ملنے گئے ہیں تو ہمیں شک نہیں کرنا چاہیئے بلکہ اسے سراہا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور حق وسچ کی فتح ہوگی، مخالفین کو نہ دھرنے میں کامیابی ملی اور نہ ہی اب ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حامد خان ڈر گئے ہیں اس سے متعلق پی ٹی آئی ہی جواب دے گی۔وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ آج کا پاکستان دو ہزار تیرہ کے پاکستان سے بہتر ہے، ہمیں چاہیئے ملک اور جمہوریت کو آگے لے کر جائیں۔ آنے والی نسلوں کو خوشحال پاکستان دینا ہے جبکہ ملک کو قومی میثاق معیشت کی ضرورت ہے۔