بھارتی فورسز نے ایل او سی پر سماہنی سیکٹر میں سول آبادی کو نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری، بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی ۔بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر سماہنی سیکٹر میں صبح ساڑھے 9بجے بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔ بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی گنوں کو خاموش کرانے کے لئے بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج کی جانب سے سمندری حدود میں داخل ہونے کی ناپاک کوشش کی جسے پاک بحریہ نے ناکام بناتے ہوئے بھارتی آبدوز کو واپس اپنے پانی کی جانب بھگا دیا۔ اس کے علاوہ بھارتی فورسز نے دو روز قبل ایل او سی پر بھمبر سیکٹر میں بھی بلا اشتعال فائرنگ کر کے 7پاکستانی فوجیوں کو شہید کر دیا تھا جس کا پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جواب دیا گیا تھا۔