حکومت نے پانامہ لیکس کیس میں تحریک انصاف کے فراہم کردہ ثبوتوں سے متعلق پراپیگنڈہ شروع کررکھا ہے : قومی اسمبلی اسد عمر
اسلام آباد میں اسد عمر کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی میڈیا اسٹریٹجی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شفقت محمود، ڈاکٹر شہزاد وسیم، اعجازچودھری، افتخاردرانی سمیت دیگر سینیئر قیادت شریک ہوئی۔ اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاناما لیکس سے متعلق میڈیا حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پاناما لیکس کیس سے متعلق سپریم کورٹ کی آئندہ سماعت کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت نے تحریک انصاف کے فراہم کردہ ثبوتوں سے متعلق پراپیگنڈہ مہم چلا رکھی ہے، پی ٹی آئی حکومتی پراپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہر نئے پینترے کے بعد شریف خاندان مزید مشکلات کا شکار ہو رہا ہے، پاناما لیکس کیس کے حوالے سے تحریک انصاف کے پاس ثبوتوں کی کمی نہیں ہے۔