وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں ملکی اور سیاسی و معاشی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملکی اور سیاسی و معاشی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم کور کمیٹی کے فیصلوں پر کابینہ کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ وفاقی کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے سی پیک کے فیصلوں کی بھی توثیق کی جائے گی۔ اجلاس میں کابینہ کو قومی ٹیرف پالیسی پر بریفنگ دی جائے گی۔ نیشنل ٹیرف پالیسی کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وزارتوں اور محکموں میں سی ای او اور ایم ڈی کی خالی اسامیوں پررپورٹ پیش کی جائے گی، وزارت انڈسٹریز میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔