مقبوضہ جموں میں موبائل اور انٹر نیٹ سروس پر مسلسل پابندی کےخلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ
مقبوضہ کشمیر میں جموں خطے میں انٹرنیٹ کی مسلسل بندش کے خلاف نمائش گراﺅنڈ جموں میں ایک بڑا حتجاجی مظاہرہ ہوا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نیشنل پینتھرس پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ اور یشپال کنڈل کی قیادت میں مظاہرین نے گزشتہ ساڑھے تین ماہ سے خطے میں انٹرنیٹ سروسز کو معطل کرنے پر بھارتی حکومت کی مذمت کی ۔ ہرش دیو سنگھ نے انٹرنیٹ کو معطل کرنے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کو ظالمانہ اقدام قراردیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عوام کو پتھر کے دور میں دھکیلا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں کے لوگوں پر ظالمانہ پالیسی کیوں نافذ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مواصلاتی ذرائع کی معطلی سے عوام کو اظہارائے کی آزادی کے بنیادی حق سے محروم کردیا گیا ہے جس کی ضمانت بھارت کے آئین میں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے انٹرنیٹ پر اس طرح سے کبھی پابندی نہیں لگائی گئی ۔ انہو ں نے کہاکہ بی جے پی کی حکومت اس طرح کے آمرانہ اقدامات صرف اپنی طاقت دکھانے کے لےے کررہی ہے۔ ہرش دیو سنگھ نے کہاکہ اس طرح کے اقدامات سے عوام میں بھارتی حکومت کے خلاف غم وغصے میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ موبائل انٹرنیٹ سروس کی معطلی سے لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس اہم مسئلے پر جموں کے بی جے پی کے رہنماﺅں کی مجرمانہ خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے جموں خطے میں انٹرنیٹ سروس پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کی طلباءونگ سے وابستہ کارکنوں نے بھی جموں میں انٹرنیٹ کی پابندی کے خلاف اسی طرح کا احتجاجی مظاہر ہ کیا۔