اسرائیلی جنگی طیاروں کا شام پر حملہ، 3 فوجی ہلاک،کئی زخمی
اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام پر حملے کئے جس کے نتیجے میں 3 شامی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے یہ کارروائی شمالی سرحد سے ملنے والے بارودی مواد کے بعد انتقامی طور پر کی گئی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شام میں کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے رات گئے ایرانی قدس فورس اور شامی فوج سے تعلق رکھنے والے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ حملوں میں گوداموں، ہیڈکوارٹر، ملٹری کمپائونڈ اور شام کے زمین سے فضا ء سے مار کرنے والے میزائلوں کی بیٹریوں کو نشانہ بنایا گیا۔شامی خبر رساں ا دارے کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شام کے تین فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔اسرائیلی فوجی حکام نے منگل کے روز دعوی کیا تھا کہ انہوں نے گولن کی پہاڑیوں سے آئی ای ڈیز برآمد کی ہیں جو شام میں ایران کی مورچہ بندی کے واضح ثبوت ہیں۔