پہلا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ: پاکستانی شاہین اور بنگال ٹائیگرز آج آمنے سامنے
پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج سے ہورہا ہے جس کا پہلا آج کھیلا جائے گا جبکہ اس میچ کو دیکھنے کے لیے 12 ہزار 500 شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی گئی ہے۔ پانچ سال بعد یہ پہلا موقع ہو گا کہ جب پاکستان بنگلہ دیش میں کوئی دو طرفہ سیریز کا میچ کھیلے گا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل 12 مرتبہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں مدمقابل آچکی ہیں۔ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والے میچز میں 10 مرتبہ پاکستان نے فتح حاصل کی تاہم بنگلہ دیش نے جن دو میچز میں کامیابی حاصل کی تھی وہ دونوں بنگلہ دیش میں ہی کھیلے گئے تھے۔ لہٰذا اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلے گئے 4 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں بنگلہ دیش کا پاکستان کے خلاف جیت کا تناسب 50 فیصد ہے۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس کے کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان ہوں گے۔ علاوہ ازیں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں خوشدل شاہ، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک کو شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سیریز کا دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بھی بالترتیب 20 اور 22 نومبر کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی کا موازنہ کیا جائے تو پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، اب تک کھیلےگئے بارہ میں سےدس میچز پاکستان نے اپنے نام کررکھے ہیں۔ واضح رہے کہ جنوری 2020 کے بعد دونوں ٹیمیں آج مدمقابل ہونگی۔ یاد رہے کہ رواں سال بنگلا دیش اپنی سرزمین پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی سیریزہراچکی ہے۔