غزہ کی رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 8 بچوں سمیت 21 افراد جاں بحق

مقبوضہ فلسطین کے شہرغزہ کی رہائشی عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں 8 بچوں سمیت 21 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
فلسطینی حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کو شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کی عمارت میں پیش آیا، چار منزلہ رہائشی عمارت کی بالائی منزل کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے کے لیے ایک گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا۔ ایمبولینسز نے متعدد زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا۔آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اس حادثے میں 21 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 8 بچے بھی شامل ہیں جب کہ متعدد افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، فلسطینی صدر محمود عباس نے اس واقعے کو ’قومی سانحہ‘ قرار دیتے ہوئے یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔غزہ کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اس جگہ پر بڑی مقدار میں پٹرول ذخیرہ کیا گیا تھا جس سے آگ بھڑک اُٹھی۔