صدرپاکستان اور وزیر اعظم کا مفتی اعظم پاکستان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت عارف علوی نے مفتی اعظم پاکستان نے معروف عالم دین مفتی رفیع الدین عثمانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مفتی رفیع عثمانی کی زندگی تبلیغ و اشاعتِ اسلام کے لیے وقف رہی ۔ ان کی ملی اور دینی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی رفیع عثمانی کی اتحاد بین المسلمین کے لیے گراں قدر خدمات رہیں ، اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی معروف عالم دین اور صدر جامعہ دار العلوم کراچی مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ تعزیتی بیان میں صدر مملکت نے مفتی رفیع عثمانی کی دینی اور علمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فقہ، حدیث اور تفسیر کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دیں ، مفتی رفیع عثمانی کی دینی اور علمی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ صدر مملکت نے مرحوم کے بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ سرپرست وفاق المدارس العربیہ پاکستان مفتی اعظم مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب جمعہ کو وہ دارلعلوم کراچی میں خالق حقیقی سے جاملے ۔ ان کی نمازِ جنازہ بروز ہفتہ صبح 9 بجے دارالعلوم کراچی میں ادا کی جائے گی۔