ورلڈ کپ فائنل: آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت لیا

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے میزبان بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دنیائے کرکٹ کا نیا حکمران کون ہوگا یہ انتظار چند گھنٹوں بعد ختم ہونے کو ہے۔ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے سب سے بڑا مقابلہ فائنل میچ میزبان بھارت نے اور آسٹریلیا کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے اور کینگروز نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاس کے بعد آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ وکٹ خشک ہے اسی لیے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، یہ پچ وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہوتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میچ میں جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔ کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ رنز اسکور کریں اور حریف کو بڑا ہدف دے کر دباؤ بنائیں۔ روہت کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ فائنل میں بھارتی ٹیم کی قیادت کرنا خواب جیسا ہے۔ بھارت رواں ورلڈ کپ میں نا قابل شکست رہا ہے دو بار ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھا چکا ہے جب کہ اس کا حریف بھی تگڑا ہے جو اس میگا ایونٹ کے ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد ایسا جاگا کہ مسلسل 8 میچز جیت چکا ہے جب کہ وہ ریکارڈ 5 بار کا عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی رکھتا ہے۔ دونوں ٹیمیں 20 سال بعد ورلڈ کپ کے فائنل میں ٹکرائیں گی اس سے قبل 2003 کے ورلڈ کپ میں کینگروز نے بھارتی سورماؤں کو با آسانی شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ آج ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھانے کے لیے آسٹریلیا اور بھارت کے سپر اسٹارز اپنی جان لگا دیں گے اور بہترین کھیل پیش کریں گے۔ دونوں ٹیمیں اور ان کے کھلاڑی بھرپور فارم میں ہیں اس لیے آج کانٹے کا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی ورلڈ کپ کا فائنل میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچیں گے جبکہ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کی آمد بھی متوقع ہے۔ ایک لاکھ 32 ہزار افراد کی گنجائش والا اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہوگا۔