ورلڈکپ فائنل میں بھارت کا آسٹریلیا کو 241 رنز کا ہدف

دنیائے کرکٹ کا کا تاج سر پر سجانے کے لیے نریندر مودی اسٹیڈیم میں جنگ جاری ہے اور ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت اور آسٹریلیا پنچہ آزمائی کر رہے ہیں۔ کینگرو کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیتا اور پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم انڈیا کی ابتدائی تین وکٹیں پہلے پاور پلے ہی میں گر گئیں۔ بھارت کا مجموعی اسکور 30 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ شبھمن گل 4 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ مچل اسٹارک نے زمپا کے ہاتھوں کیچ کرا کے انہیں اپنا پہلا شکار بنایا۔ کپتان روہت شرما نے جارحانہ انداز اختیار کیا مگر ایک بار پھر نصف سنچری سے تین رنز کی دوری پر وہ میکسویل کا شکار بن گئے۔ شریاس ائیر کو آسٹریلوی کپتان نے 4 رنز کے انفرادی اسکور پر ٹھکانے لگایا۔ 10 اوورز میں 79 رنز پر تین وکٹیں کھونے کے بعد ویرات کوہلی نے کے ایل راہول کے ساتھ مل کر محتاط انداز میں اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اسی دوران انہوں نے میگا ایونٹ میں اپنی نویں نصف سنچری بنا ڈالی۔ تاہم وہ 54 رنز بنانے کے بعد پیٹ کمنز کو وکٹ دے بیٹھے۔ ایک جانب وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں تو دوسرے اینڈ پر کےایل راہول ڈٹ کر کھڑے رہے انہوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوشش کی تاہم ان کی مزاحمت بھی 66 رنز پر ختم ہو گئی۔ جڈیجا 9، سوریاکمار یادیو 18، محمد شامی 6، بمراہ ایک اور کلدیپ یادیو 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد سراج 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 240 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹاک سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہیزل ووڈ اور کمنز نے 2،2 جب کہ میکسویل اور زمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔