ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کی غنڈہ گردی کے خلاف کراچی اورلاہورسمیت دیگر شہروں میں مظاہرے، مظاہرین نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی
کراچی میں شہریوں کی بڑی تعداد پریس کلب کے باہر جمع ہوئی، اور انتہا پسند ہندو جماعت شیو سینا کیخلاف احتجاج کیا ، اس موقع پر مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی، جبکہ پتلے بھی نذر آتش کیے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف دشمنی کھل کر واضح ہو گئی، بھارتی ہندؤں کے حملے کسی صورت برداشت نہیں، حکومت دو ٹوک موقف اپنائے،لاہور میں بھی شہری بھارتی غنڈہ گردی کے خلاف پی سی بی کے باہر جمع ہوئے اور خوب احتجاج رکارڈ کرایا ، اس موقع پر مظاہرین نے شیو سینا کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی، جبکہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ،گوجرانوالہ میں بھی شیو سینا کے حملوں کے خلاف عوام سڑکوں پر نکلے، اور احتجاج کیا، جس میں سیاسی، مذہبی اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت کی پاکستان دشمنی سب پر عیاں ہو چکی ہے، بھارت سے ہر قسم کے تعلقات ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے