2 نومبرکواسلام آباد میں عوام کا سمندر ہوگا،جب تک عوام ساتھ ہیں تو اکیلے نہیں ہو سکتے۔عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 2 نومبر کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہوگا اور جب تک عوام ساتھ ہیں تو اکیلے نہیں ہو سکتے ۔وزیراعظم نواز شریف اقتدار میں آکر حسنی مبارک بن جاتے ہیں ، وزیراعظم نواز شریف کرپٹ مافیا کے سردار ہیں ، مسلم لیگ (ن)کے انٹرا پارٹی الیکشن سے بڑا مذاق نہیں ہو سکتا لیکن ان کی پارٹی میں تو جمہوریت نام کی کوئی چیز ہے نہیں ہی اور بادشاہت میں ایسا ہی ہوتا ہے، جمہوریت میں وزیراعظم عوام کو جوابدہ ہوتا ہے، میں 13 سال کرکٹ کھیلنے کے بعد نمبر ون آل راونڈر بنا اور صرف ایک کروڑ روپے کا فلیٹ خرید سکا جبکہ حسن نواز شریف نے ایسا کونسا پیتل سے سونا بنانے کا فارمولا ڈھونڈا تھا جو ایک طالب علم ہوتے ہوئے ساڑھے 6 سو کروڑ روپے کا فلیٹ خرید لیا،سی پیک منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں، صرف اعتراض اس بات پر ہے کہ سی پیک کے ایم او یو پر 2013 میں دستخط ہوئے لیکن حکومت نے اسے چھپا کر رکھا اور اس منصوبے کے حوالے سے عوام کو 2016 میں بتانا شروع کیا۔بدھ کو بنی گالہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ، وزیراعظم نواز شریف نے انٹرا پارٹی الیکشن سے خطاب کے دوران ساری باتیں کیں صرف اپنی کرپشن کے بارے میں نہیں بتایا ان کا کہنا تھا کہ، یہ سب وزیراعظم نواز شریف کی چوری کی ہوئی رقم ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کو بچانا ہے تو کرپشن پر قابو پانا ہوگا، نواز شریف کرپٹ مافیا کے سردار ہیں اور اگر وہ اقتدار میں رہے تو ملک مزید قرضوں کے بوجھ تلے دب جائے گا۔ انہوں نے وزیراعظم کو پاناما شریف پکارتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے کوئی چوری نہیں کی تو پھر تلاشی دینے میں کیا حرج ہے لیکن وزیراعظم اپنی کرپشن بچانے کے لئے ہم پر فوج بلانے اور سی پیک کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگا رہے ہیں، ۔چئیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ، اب لوگ جان چکے ہیں کہ ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے وزیراعظم نواز شریف کا احتساب ضروری ہے، 2 نومبر کو عوام دل سے تحریک انصاف کے ساتھ ہوگی۔