مریم نواز : وزیراعظم یا سابق وزیراعظم کا خاندان قانون سے بالا نہیں یہی ثابت کرنے کیلئے پیش ہو رہے ہیں

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم یا سابق وزیراعظم کا خاندان قانون سے بالا نہیں یہی ثابت کرنے کیلئے پیش ہو رہے ہیں، کھلے دل ،صبر اورحوصلے کےساتھ ٹرائل کا سامنا کررہے ہیں، ایک فیملی کے ٹرائل کا تماشہ نہ بنایا جائے، ننانوے سے یہی ہو رہا ہے،
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ثبوت لینے اگر لندن کوئی ٹیم گئی تو پہلے سپریم کورٹ میں جو پیش کئے گئے بڑے بڑے ڈبوں والے ثبوت کہاں گئے، نیب کو پہلے خود مردہ اورجھوٹ قرار دیا گیا اب پھر وہ زندہ ہو گیا احتساب کو انتقام بنانے والوں کا بھی احتساب ہو گا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ انتقام سر چڑھ کر بول رہا ہے، اگر شریف خاندان کو سزا دینے کی ٹھان لی ہے تو ایک ہی بار دے دیں، قانون، آئین اور حقوق انسانی کو تماشہ نہ بنایا جائے، ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں، ہم عدالتوں میں پیش ہوتے رہیں گے اور ان کا ضمیر جھنجھوڑتے رہیں گے
مریم نواز شریف نے کہا کہ ہمیں عدالتوں سے نہیں اللہ سے امید ہے، تنقید کرنا اور آواز بلند کرنا ہمارا حق ہے، ناانصافی اور ظلم ہمیشہ نہیں چلتا، خاندان میں کوئی اختلاف نہیں، اختلاف رائے تھا اور ہے، اختلاف رائے مستقبل میں بھی ہو گا لیکن دراڑ تھی نہ ہے،، پارٹی میں پالیسی اب بھی نوازشریف کی چل رہی ہے،، پارٹی متحد ہے پارٹی کو توڑنے والے خود ٹوٹ رہے ہیں۔