وزیراعظم کی دیوالی پرہندو برادری کومبارکباد

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ہندووں کے تہوار دیوالی پر انہیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی،حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے ۔جمعرات کو شاہد خاقان عباسی نے دیوالی کے موقع پر اپنے پیغام میں ہندووں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبود پہ یقین رکھتی ہے، حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے حضرت محمد ۖ کی سیرت،قائد اعظم کے وژن اور آئین پاکستان سے رہنمائی لیتی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کاہر مذہب امن رواداری اور انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے۔کوئی مذہب نفرت اور تشدد کی اجازت نہیں دیتا،حکومت پاکستان رنگ نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر معاشرے کی تشکیل کے عزم پہ قائم ہے ،حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے مذہبی رہنماوں پر زور دیا کہ وہ مذہبی اقدار کے فروغ اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے کردار ادا کریں ۔وزیر اعظم نے ہندو کمیونٹی پر بھی زور دیا کہ وہ پاکستان کی خوشحالی میں کردار ادا کرتی رہے۔