بابر اعظم، فہیم اشرف اور عمر اکمل کی دفعہ 144 کی خلاف ورزی
نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں بابراعظم، فہیم اشرف اور عمر اکمل اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں پتنگ بازی کرتے رہے، ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت پتنگ بازی پر پابندی لگا رکھی ہے۔ ذرائع کے مطابق بارش کے باعث سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ نہیں ہوسکا تھا، میچ نہ ہونے کے فیصلے کے بعد تینوں کھلاڑی پتنگ بازی سے لطف اٹھاتے رہے۔ نئے قومی کپتان کو پتنگ بازی کرتے دیکھ کر شائقین نے خوشی سے نعرے لگائے۔ ادھر نیشنل ٹی ٹوینٹی میں ناردرن ایریا نے خیبرپختونخوا کو 7 وکٹوں سے شکست دی، بارش کے باعث ناردرن ایریا کو 135 کی بجائے 101 رنز کا ٹارگٹ ملا۔ ناردرن ایریا نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 12 اوورز میں حاصل کرلیا، ناردرن ایریا کے فاسٹ بولر محمد موسیٰ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ محمد موسیٰ نے 38 رنز دے کر خیبرپختونخوا کے 4 کھلاڑی شکار کیے، ایونٹ میں 21 اکتوبر کو سندھ اور سدرن پنجاب مدمقابل ہوں گے۔