یمن کے شہرالحدیدہ میں ہتھیاروں کے ڈپو میں خوفناک دھماکا، 20 سے زیادہ حوثی ہلاک، متعدد زخمی
یمن کے مغربی شہر الحدیدہ میں جمعے کے روز ایک عمارت میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں بیس سے زیادہ حوثی باغی مارے گئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔
یمنی مشترکہ مزاحمتی فورسز کے عسکری میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ دھماکا اسٹریٹ 50 پر حوثیوں ملیشیا کے زیر قبضہ رہائشی علاقے میں واقع عمارت میں ہوا۔ حوثیوں نے اس عمارت کو ہتھیاروں اور گولہ بارود کا گودام بنا رکھا ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کے نتیجے میں اسٹریٹ 50 پر قریبی گھر لرز گئے اور خواتین اور بچوں میں دہشت پھیل گئی۔ چند روز قبل الحدیدہ صوبے کے جنوبی ضلع حیس کے ایک رہائشی علاقے میں بھی حوثی ملیشیا کے ہتھیاروں کے ایک ڈپو میں اسی نوعیت کا دھماکا ہوا تھا۔ اس کے نتیجے میں ڈپو والا گھر اور تین دیگر مکانات تباہ ہو گئے۔ واقعے میں تین مسلح حوثی ہلاک اور اور سات شدید زخمی ہوئے۔ ایک ماہ قبل الحدیدہ شہر کی شاہراہ جیزان پر ایک رہائشی علاقے کے بیچ حوثی ملیشیا کے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ایک اور گودام میں دھماکا ہوا۔ اس کے نتیجے میں شہریوں سمیت متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے تھے۔ حوثی ملیشیا دانستہ طور پر ہتھیاروں اور راکٹوں کو گنجان آباد علاقوں میں ذخیرہ کرتی ہے۔ اس کے سبب ڈپوؤں اور گوداموں میں دھماکے ہونے سے شہریوں کی زندگیوں اور املاک کو سنگین خطرات درپیش ہوتے ہیں۔