مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرہ اور ذرائع ابلاغ کی معطلی برقرار
مقبوضہ وادی کشمیر اور جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں ہفتے کو 76ویں رو ز بھی بھارتی محاصرہ اور ذرائع ابلاغ کی معطلی برقرار ہے جس کی وجہ سے لوگ بدستور شدید مسائل و مشکلات سے دوچار ہیں۔دکانیں اور تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پرپبلک ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت معطل ہے۔ تمام سکول ، کالجز اور یونیورسٹیاں ویران ہیں کیونکہ والدین اپنے بچوں کی سلامتی کے حوالے سے لاحق پریشیانی کے سبب انہیں تعلیمی اداروں میں نہیں بھیج رہے۔معمولات زندگی مفلوج ہیں۔ صبح اور شام کے چند گھنٹوں کے سوا تمام دکانیں اور کاروباری مراکز مسلسل بند ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ قابض حکام نے جمعہ کو وادی کشمیر میں کرفیو جیسی پابندیاں عائد کردی تھیں تاکہ لوگوں کو سرینگر میں اقوام متحدہ کے دفتر کی جانب مارچ سے روکا جاسکے۔