بین الاقوامی میڈیا بھی یہ کہنے پر مجبور ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں80 لاکھ افراد اپنے گھروں میں محصور ہیں۔ دفترخارجہ
دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے غیرقانونی اقدامات سے اپنے ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی میڈیا بھی یہ کہنے پر مجبور ہوگیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں اسی لاکھ افراد اپنے گھروں میں محصور ہیں۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے تنازعہ کشمیر موثر انداز میں اجاگر کیا ہے اور یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت صرف کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے سے حل ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی منزل کے حصول تک ان کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں نریندر مودی کی کارروائیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت شہریوں کے حقوق غصب کرنے اور کشمیریوں کی اراضی ہتھیانے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارتی حکومت کشمیریوں کو ان کے بنیادی شہری حقوق سے محروم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔