ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پر حملہ بزدلانہ اقدام ہے، ٹارگٹ کلنگ کی طرح دہشت گردی پر بھی قابو پالیں گے۔ منظوروسان
کراچی میں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پر ہونے والے حملے کے بعد جائے وقوعہ پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیرداخلہ کاکہناتھاکہ پوراپاکستان دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور چوہدری اسلم کے گھر پر حملہ کراچی کا امن تباہ کرنے کی کوشش ہے۔ دہشت گردی پرقابو پانے کے لئے نئی حکمت عملی تیارکریں گے اورٹارگٹ کلنگ کی طرح دہشت گردی پر بھی قابو پالیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال اب تک چونسٹھ پولیس اہلکار اپنے فرائض کی انجام دہی کےدوران شہید ہوچکےہیں،ایک سوال کےجواب میں ان کاکہناتھا کہ واقعہ کی تحقیقات مکمل ہونے کےبعد ہی بتاسکیں گےکہ حملہ آوروں کا تعلق کس تنظیم سے ہے۔اس موقع پرصوبائی وزیرنےسندھ حکومت کی طرف سےشہید ہونےوالے اہلکاروں کے لواحقین کوبیس،بیس لاکھ روپےدینے کااعلان کیا۔ دوسری جانب وقت نیوزسےخصوصی بات چیت کرتےہوئے صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائےکم ہے،سندھ میں پولیس اوررینجرزبہترین کارکردگی کامظاہرہ کررہی ہے، تاہم بہتری کی گنجائش ہرجگہ رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ایسی کارروائیاں کرکے سیکورٹی فورسز کا مورال گرانا چاہتے ہیں لیکن ان کا یہ مقصد کبھی پورا نہیں ہوگا۔