ڈینگی انسانی صحت کے لیے ایک چیلنج ہےجس کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی
لاہور میں قومی صحت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈینگی صرف پاکستان یا کسی ایک صوبے کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک گلوبل ایشو ہے۔ پاکستان ڈینگی سے متاثرہ سو ممالک میں سے ایک ہے۔ ڈینگی انسانی صحت کے لیے ایک چیلنج کی صورت اختیار کرگیا ہے جس پر قابو پانے کے لیے اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام میں آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے صورتحال سے کامیابی سے نمٹنے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی طبی مارہرین اس جان لیوا وائرس سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیراعظم کو صوبے میں ڈینگی سے ہونے والی ہلاکتوں اور اس کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی۔