جماعت اسلامی کی اپیل پر آج کراچی میں ہڑتال کی جارہی, مختلف علاقوں میں جلاؤ گھیراؤ کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔
ڈاکٹر پرویز کے قتل کیخلاف جماعت اسلامی کی کال پر آج شہر قائد میں ہڑتال ہے۔ شہر کے تمام پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنزبند ہیں جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سکولوں اور دفاتر میں حاضری کم اور سڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ آج علی الصبح نامعلوم افراد نے قائد آباد میں ٹرک نذرآتش کرکے نیشنل ہائی وے کوبلاک کردیا۔ مشتعل افراد نے پٹیل پاڑہ، لسبیلا ،لیاری، ماڑی پور، صدر، ایمپریس مارکیٹ اورشیرشاہ کالونی میں بھی ٹائرجلاکرٹریفک معطل کردی۔ نارتھ کراچی میںنامعلوم افراد نے فائرنگ کے بعد دوپتھاروں کوآگ لگادی جبکہ سپرہائی وے پرالآصف اسکوائر کے قریب پتھراؤ کرکے سپرہائی وے بلاک کردی۔ مختلف علاقوں میں مسلح افرادکی ہوائی فائرنگ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ احتجاج کے پیش نظرپولیس نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی کو گھرپر نظر بند کردیا ہے جبکہ رات گئےجماعت اسلامی کے کارکنوں کے گھروں پرچھاپے مار کر سو سے زائد افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔