وفاقی کابینہ نے گستاخانہ فلم کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مذمتی قرار داد منظور کرلی جبکہ جمعہ کے روز یوم عشق رسول منانے کا بھی فیصلہ کیا، اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا جس میں کابینہ نے گستاخانہ فلم پر شدید احتجاج کرتے ھوئے جمعہ کے روز یوم عشق رسول منانے کا فیصلہ کیا جبکہ اس موقع ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔دوسری جانب وزیراعظم نے ملک بھر میں یوٹیوب سروسز فوری طور پر بند کرنے کا حکم بھی دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے میڈیا بریفنگ کےدوران اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کابینہ نےمعمول کے ایجنڈے کو معطل کرکے گستاخانہ فلم کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جسکے بعد جمعہ کو یوم عشق رسول منانے کا فیصلہ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کو وزیراعظم عشق رسول کانفرنس سے خطاب کریں گے جبکہ تمام صوبوں میں بھی کانفرنسزاور اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا۔ قمرزمان کائرہ نے بتایا کہ کابیینہ نے فلم پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور سخت ترین الفاظ میں مذمتی قرارداد بھی منظور کی۔قرارداد میں واضح کیا گیاکہ فلم سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، پاکستان اس قسم کی کسی بھی حرکت کو برداشت نہیں کرسکتا۔قرار داد میں کہا گیا کہ اگر ایسے واقعات کو نہ روکا گیا تو دنیا میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کو فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیراطلاعات نے مزید بتایا کہ کابینہ نے سفیروں کو بلوا کر ان کی کانفرنس کی تجویز بھی دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری معاملہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی اٹھائیں گے۔قمرزمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایسے مواد کو روکنے کے لئے فلٹریشن سسٹم نہیں جبکہ پی ٹی اے کو عالمی قوانین کے تحت اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کے حوالے سے وزیرقانون کو ہدایات جاری کردی ہیں اوروہ خط کامسودہ تیار کرکے سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔