ایفیڈرین کوٹہ کیس میں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کی ضمانت میں چھبیس ستمبر تک توسیع کر دی۔
ایفیڈرین کوٹہ کیس میں حنیف عباسی کی ضمانت میں توسیع کے حوالے سے درخواست کی سماعت جسٹس شاہد حمید ڈار اور جسٹس محمود مقبول پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژنل بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ گیا حنیف عباسی کے وکیل سردار اسحاق سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہوسکتے،اے این ایف حکام نے بھی تحقیقات اور بحث کے لیے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی، جس پر عدالت نے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کی ضمانت میں چھبیس ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔