پاک بھارت سیکرٹری تجارت مذاکرات کل سے اسلام آباد میں شروع ہو رہے ہیں۔
مذاکرات میں شرکت کے لیے گیارہ رکنی بھارتی وفد آج واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچے گا۔ اسلام آباد میں کل سے شروع ہونے والےمذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی سیکرٹری تجارت منیر قریشی جبکہ بھارتی وفد کی قیادت ایس آر راؤ کرینگے۔ دوروزہ مذاکرات کے دوران واہگہ بارڈرکے دونوں اطراف سٹرکچر کی تعمیر، بھارت کی طرف سے پاکستانی برآمدات کےلئے نان ٹیرف بیریئرز جبکہ پاکستان کی جانب سے منفی اشیاء کی فہرست کے خاتمے کے حوالے سے پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اسلام آباد سے دہلی کےلئے براہ راست پروازوں کی تجویز پہلی مرتبہ ایجنڈے میں شامل کی گئی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان آزادانہ تجارت کا حتمی معاہدہ دسمبر میں متوقع ہے اس لیے سیکرٹری تجارت سطح کے مذاکرات کو بہت اہمیت دی جارہی ہے۔