سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد سے متعلق اقوام متحدہ کے مشن کی پاکستان آمد کا نوٹس لے لیا ہے۔
بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے اقوام متحدہ کے عالمی مشن کی پاکستان آمد کا نوٹس لیتے ہوئے استفسار کیا کہ لاپتہ افراد سے متعلق مشن کس کے کہنے پر پاکستان کا دورہ کررہا ہے؟ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سیکرٹری خارجہ سے جواب طلب کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کا عالمی مشن تین ہفتوں سے پاکستان میں لاپتہ افراد سے متعلق تفصیلات حاصل کررہا ہے اور لاپتہ افراد سے متعلق کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے بھی ملاقات کرچکا ہے۔ اس سے قبل چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخارمحمد چوہدری اورچیف جسٹس پشاورہائی کورٹ نے عالمی مشن سے معذرت کرتے ہوئے ملنے سے انکارکردیا تھا۔