کیپٹن اسفند یار کی نمازجنازہ اٹک میں ادا کی جائے گی نماز جنازہ میں اعلیٰ عسکری و سول شخصیات شریک ہوں گی

پشاور کے بڈھ بیر ائیربیس کیمپ پر حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن اسفند یار کی نمازجنازہ آج ان کے آبائی شہر اٹک میں ادا کی جائے گی، نماز جنازہ اٹک کے محلہ عید گاہ میں آج شام پانچ بجے ادا کی جائے گی، شہید کیپٹن اسفند یار کی نماز جنازہ میں اعلیٰ عسکری شخصیات کے علاوہ وفاقی و صوبائی کابینہ کے وزراء اور سیاسی وسماجی شخصیات بھی شریک ہوں گی، نماز جنازہ کے سلسلے میں اٹک شہر میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں،، نماز جنازہ کے بعد کیپٹن اسفند یار شہید کی تدفین اٹک کے مقامی قبرستان میں ہی کی جائے گی۔۔
پشاور بیس کیمپ حملے میں پاک فوج کے کیپٹن اسفند یار بخاری دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے، بیٹے کی قربانی پر والدین کا سر فخر سے بلند ہے، پوری قوم پاک فوج کے اس بہادر جوان کو سلام پیش کرتی ہے۔
پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں فضائیہ کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تو کیپٹن اسفند یار بخاری نے اپنے دستے کی قیادت کرتے ہوئے بہادری کی نئی مثال قائم کردی۔۔۔ قوم کے اس بہادر سپوت نے دہشتگردوں کو بیس کے اندر جانے سے روکا اور مسلسل سیسہ پلائی دیوار بنے رہے۔۔کیپٹن اسفند یار بخاری ملک دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر لڑے اور جام شہادت نوش کر گئے، انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دہشتگردوں کےعزائم ناکام بنادیے۔۔۔کیپٹن اسفندیار دلیر اور پاک فوج کے بہترین افسر جانے جاتے تھے، وہ جناح ونگ اڑتالیس اینٹری کے ونگ کمانڈر بھی تھے، کیپٹن اسفند یار پاک فوج کے ایک سو اٹھارہ لانگ کورس سے پاس آؤٹ ہوئے، انہوں نے کاکول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی جبکہ پاکسنگ آؤٹ پریڈ میں وار ٹیکٹکس میڈل سے بھی نوازا گیا، اس موقع پر ان کی دیگر پوزیشن ہولڈرز اور آرمی چیف کےساتھ تصویر بھی بنائی گئی تھی۔۔۔ ان کا تعلق ایک سو دو بریگیڈ اور گیارہ فرنٹیئر فورس سے تھا۔ کیپٹن اسفند یار پنجاب انڈر نائنٹین ہاکی ٹیم کی جانب سے میچ بھی کھیلتے رہے۔وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے، اس قول کو سچ کر دکھایا شہید اسفند یار بخاری کے والد نے جو دشمن سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے بیٹے کی قربانی پر مسرور ہیں،پوری قوم اپنے بہادر جوان کو سلام پیش کرتی ہے۔