پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت آج دبئی میں سرجوڑ کر بیٹھے گی

پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس آج دبئی میں ہوگا جو دو روز تک جاری رہے گا، اجلاس کی صدارت مشترکہ طور پر سابق صدرآصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کرینگے ،اجلاس میں شرکت کےلئے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ، سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، پرویز اشرف قمر الزمان کائرہ، ندیم افضل چن، فریال تالپور، رحمن ملک ،نورعالم خان، اخونزادہ چٹان اور فیصل کریم کنڈی دبئی پہنچ چکے ہیں، پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق سہ پہر ہونیوالے باضابطہ اجلاس سے قبل مشاورتی اجلاس ہوگا جس میں ایجنڈا کو حتمی شکل دی جائےگی، ایجنڈے میں ن لیگ کی جانب سے میثاق جمہوریت کی خلاف ورزیوں اور سندھ میں گرفتاریوں کا معاملہ شامل ہوگا جبکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جارحانہ انداز اپنانے سمیت پنجاب اورسندھ میں بلدیاتی انتخابات بھی ایجنڈے میں شامل ہونگے، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایگزیکٹو کمیٹی کے سالانہ دواجلاس منعقد ہوتے ہیں لیکن یہ اس شیڈول سے ہٹ کر اپنی نوعیت کا اہم اجلاس ہے جو موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر طلب کیاگیاہے۔ واضح رہے کہ اس اجلاس کا شیڈول بھی دو مرتبہ تبدیل کیا جاچکاہے۔