پاکستان سپر لیگ کے قطرسے متحدہ عرب امارات منتقل ہونے کا امکان

اگلے سال فرور ی میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کا قطر سے یو اے ای میں منتقل ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے ۔اس حوالے سے پی سی بی اور متحدہ کرکٹ بورڈ کے درمیان مذاکرات جاری ہیں ۔پاکستان کرکٹ بورڈ سپر لیگ متحدہ عرب امارات میں کرانے کا خواہشمند تھا۔ فروری میں پی ایس ایل اور ماسٹر لیگ کے شیڈول آپس میں ٹکرا رہے تھے اور ماسٹر لیگ نے پہلے ہی متحدہ عرب امارات کے تین کرکٹ گراؤنڈ بک کرائے ہوئے تھے، ادھر پی سی بی نے قطر میں وکٹوں کی تیاری اور گراؤنڈ میں دیگر سہولتوں کی تیاری شروع کردی تھی۔اب اطلاعات ہیں کہ ماسٹر لیگ کے منتظمین اپنے ایونٹ کی تاریخوں میں ردوبدل پر آمادہ ہوگئے ہیں۔ کرکٹ بورڈ کی جانب سے وینیو میں رد و بدل اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔توقع کی جارہی ہے باضابطہ اعلان اتوار کو سپر لیگ کے لوگو کی تقریب رونمائی کے موقع پر کیا جاسکتا ہے ۔