سرتاج عزيز کہتے ہيں بغيرتحقيقات اورغيرمصدقہ بيانات بھارت کا وطيرہ ہے

پاکستان نے مقبوضہ کشمير کے اڑی سيکٹر حملے سے متعلق بھارتی سول اور فوجی قيادت کے غير مصدقہ بيانات پرتشويش کا اظہار کيا ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزيز نے کہا کہ بھارت کے بے بنياد اور غيرذمہ دارانہ الزامات اور بيانات کومسترد کرتے ہيں۔ بھارت مقبوضہ وادی ميں انسانی حقوق کی خلاف ورزيوں سے توجہ ہٹانے کيلئے پاکستان مخالف بيانات دے رہا ہے۔ سرتاج عزيز نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمير ميں بگڑی ہوئی صورتحال ميں ابتک سو سے زائد کشميری شہید ہوچکے ہيں۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے ايک ہزار سے زائد کشميری زخمی ہيں جن ميں عورتيں، بچے اور بزرگ بھی شامل ہيں۔ بھارتی فوج وادی ميں پيلٹ گن کا استعمال کررہی ہے جس ميں سيکڑوں کشميريوں کی آنکھيں ضائع ہو چکی ہیں۔ مقبوضہ وادی ميں بگڑی ہوئی صورتحال ميں عالمی برادری کوکردار ادا کرنا چاہیے۔ سرتاج عزيز نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بغير تحقيقات اور پيشگی الزام عائد کرنا عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے