شہباز شریف نے عمران خان کو تعلیم و میرٹ کے فروغ کیلئے مارچ کی دعوت دیدی۔

ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر شعبے میں میرٹ کو فروغ دیا،امتحانی نظام، پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈز، خود روزگار سکیم، چیف منسٹرز چائنیز لینگویج سکالرشپ پروگرام، شہباز شریف میرٹ سکالرشپ پروگرام اور دیگر پروگراموں میں صرف اور صرف میرٹ کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ کم وسیلہ افراد کو سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ غریبوں کے بچے امتحانات میں اشرافیہ کے بچوں سے زیادہ نمبرز حاصل کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہونہار طلبہ و طالبات کو ہر طرح کے وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ یہی راستہ ترقی کا راستہ ہے۔ شہباز شریف نے تحریک انصاف کو دعوت دی کہ اگر مارچ کرنا ہی ہے تو آئیے اُن کے ساتھ مل کر تعلیم عام کرنے، میرٹ کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے مارچ کریں۔